فیصل آباد: کچہری بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ تیزی سے تکمیل کے مرحلے میں داخل

فیصل آباد کے تاریخی کچہری بازار کو خوبصورت اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے جاری بیوٹیفکیشن منصوبہ تیزی سے پایۂ تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے، جسے 31 مارچ تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت بازار کی مجموعی ساخت، انفراسٹرکچر اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبے پر عمل ایک مقامی کنسٹرکشن کمپنی اور ٹی ایم اے کارپوریشن کے اشتراک سے ہو رہا ہے۔ اس وقت منصوبے پر 70 سے 80 افراد کام کر رہے ہیں، جن میں یومیہ بنیاد پر 72 مزدور موقع پر موجود ہوتے ہیں۔ تعمیراتی سرگرمیاں تھری ڈی ڈیزائن اور نقشے کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں، تاہم ضرورت کے تحت معمولی تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

منصوبے کا مرکزی حصہ گھنٹہ گھر سے بازار کے اختتام تک 1,100 فٹ طویل اور 10 فٹ چوڑی گرین بیلٹ کی تعمیر ہے۔ گرین بیلٹ کے دونوں اطراف 9 فٹ چوڑی پیدل گزرگاہیں بنائی جا رہی ہیں، جن پر مضبوط ٹف ٹائلز نصب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ دونوں جانب کارپٹڈ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی تاکہ آمد و رفت میں بہتری لائی جا سکے۔

بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت شہریوں کی سہولت کے لیے سبزہ، گھاس کے پودے، بیٹھنے کے لیے بینچز، اور نئی اسٹریٹ لائٹس اور پولز بھی نصب کیے جائیں گے، جس سے علاقے کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔

بازار میں موجود پرانی عمارتوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کا عمل بھی جاری ہے، جس کے لیے پلاسٹر اور پینٹنگ کا کام کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے تحت دکانوں کے پرانے سائن بورڈز ہٹا دیے گئے ہیں، جن کی جگہ بعد ازاں یکساں ڈسپلے بورڈز اور شیڈز نصب کیے جائیں گے۔

اسی طرح واپڈا کی ٹیم بجلی کی تمام تاروں کو زیرِ زمین منتقل کرنے کے کام میں مصروف ہے، جس سے نہ صرف بدصورتی کا خاتمہ ہوگا بلکہ حفاظتی خدشات بھی کم ہوں گے۔

تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں پارکنگ کے لیے کوئی باقاعدہ انتظام شامل نہیں کیا گیا، جو مقامی دکانداروں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ تاجروں کے مطابق پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں خریداروں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سڑک اور گرین بیلٹ کی کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور تعمیراتی سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد کچہری بازار کو ایک منظم، خوبصورت اور تاریخی تشخص کے حامل تجارتی مرکز کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

ZK Mumtaz
ZK Mumtaz
Articles: 15