221

کمشنر سرگودھا ڈویژن نبیل جاوید سے ملک احمد خان کی گزارشات۔

کمشنر سرگودھا ڈویژن
محترم نبیل جاوید صاحب
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ جان کر بے حدخوشی ہوئ کہ ضلع بھکر کے اپنے پہلے تفصیلی دورہ کے دوران آپ نے منکیرہ کے تاریخی قلعہ کا بھی وزٹ کیا ہے اور اس تاریخی و ثقافتی ورثہ کی دیکھ بھال کے لۓ ڈپٹی کمشنر بھکر کو کچھ احکامات بھی دئے ہیں۔
میرے لۓ آپ کے دورہ کا یہ پہلو اس لۓ بھی طمانیت کا باعث بنا کہ قیام پاکستان کے بعد شاید آپ پہلے اعلی سرکاری افسر ہیں جنہوں نے اس قلعہ کی زبوں حالی کو محسوس کیا اور بنفس نفیس وہاں جا کر اس کی دیکھ بھال کے احکامات دئے۔
قلعہ منکیرہ کی دیکھ بھال (بحالی) کے حوالہ سے چند گزارشات آپ کی خدمت میں اس لۓ پیش کرنا چاہتا ہوں تا کہ بحالی کے کام میں ان پہلوؤں کو بھی پیش نظر رکھا جا سکے۔ امید کرتا ہوں کہ آپ ان گزارشات کو پذیرائ بخشیں گے۔
1-قلعہ کی اصل اراضی کی مکمل نشان دہی کرا کر ناجائز تجاوزات کو ختم کرایا جاۓ اور قلعہ کی دیواروں سے مٹی اٹھانے کو ممنوع قرار دیا جاۓ۔
2-قلعہ کے داخلی دروازوں(گیٹ)کو جو اب منہدم ہو چکے ہیں ان کو از سر تعمیر کرایا جاۓ۔
3-نواب سر بلندخان کے مقبرہ کی تزئین و آرائش کرا کر اسے تاریخی و ثقافتی ورثہ قرار دیا جاۓ
4-مقبرہ کے باہر نواب سر بلند خان کے حالات اور منکیرہ کے مختصر تاریخی واقعات کندہ کراۓ جائیں۔
5-,قلعہ کی تاریخی مسجد(مسجد نواب صاحب والی)جسے شہید کر کے نئ مسجد تعمیر کی گئ ہے۔
اس پرانی مسجد کی کچھ باقیات اگر مل سکیں تو ان کو بھی محفوظ بنانے کا اہتمام کیا جاۓ۔
6-قلعہ کے اندر کھیلوں کے گراؤنڈ/سٹیڈئم بنانے کے حکومت پنجاب کو توجہ دلائ جاۓ۔
7-قلعہ کے مرکزی دروازے (گیٹ) کے ساتھ قلعہ کی مختصر تاریخ لکھوانے کا بھی اہتمام کیا جاۓ۔
8-نواب سر بلند کی ایک یادگار جو "دلکشا باغ” کے نام سے موسوم ہے اور بھکر شہر میں ہے اس میں لگاۓ گۓ بورڈ پر تاریخی حوالہ جات کو مسخ کر دیا گیا ہے اس کی تصحیح کرائ جاۓ۔(یہ باغ نواب سر بلند خان نے لگوایا تھا۔جس کا ذکر تاریخی کتب میں موجود ہے)
جناب۔۔۔۔۔یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ پاکستان کا ہر ضلع اور شہر کسی نا کسی حوالے سے اپنی شہرت اور پہچان رکھتا ہے۔بھکر کی پہچان دیگر پہلوؤں کے علاوہ قلعہ منکیرہ کے حوالے سے بہت ہی نمایاں ہے۔ لیکن ماضی کی حکومتوں اور ارباب اختیار کی عدم توجہی کے باعث یہ پہچان اپنی حیثیت کھو رہی ہے منکیرہ کا یہ تاریخی قلعہ بدقسمتی سے اپنا وجود کافی حد تک کھو بیٹھا ہے۔آپ نے اس کی بحالی کے لۓ جو قدم اٹھایا ہے اس کے لۓ اہلیان بھکر آپ کے تہ دل سے احسان مند ہیں اور امید کی جا سکتی ہے کہ آپ اپنی تعیناتی کے عرصہ میں اس کام کے لۓ ایسی بنیادیں رکھ دیں گے جس سے پہلو تہی کرنا آنے والے حکام کے لۓ مشکل ہو گا۔

والسلام
آپ کا خیر اندیش

(ملک احمد خان)
محلہ رحیم آباد۔۔۔بھکر
فون نمبر۔۔8054080-0333

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں