276

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہورشہر میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے دریائے راوی میں سیلاب کے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور،راولپنڈی (آن لائن، این این آئی ) محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہورشہر میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے دریائے راوی میں سیلاب کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے باقاعدہ دریائے راوی میں سیلاب کے خدشات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے الرٹ جاری کردیا ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں پر مشتمل بارشیں برسانے والا سسٹم ابھی تک شہر میں موجود ہے۔ جو شہر میں موسلادھار بارش کا باعث بنے گا تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے بعد شہر کا مطلع صاف ہو جائے گا۔ جس کے بعد شہر میں باقاعدہ مون سون کا آغاز ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ بارش ہونے سے صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ۔ حکام کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کو رات گئے سے نالہ لئی کے اطراف پر تعینات کر دیے گئے،ریسکیو اہلکار کٹاریاں، گوالمنڈی، سواں پل اور دیگر نشیبی علاقے میں تعینات کیے گئے، ممکنہ بارشوں کے دوران ریسکیو اہلکار 24 گھنٹے ان جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دے گئے،ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں