390

ضمنی انتخابات کے امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی ، عطا ء تارڑ

وزیر داخلہ پنجاب عطا ء تارڑ نے کہاکہ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی روشنی میں اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو پنجاب حکومت کی طرف سے پولیس کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی، الیکشن کمپین کے دوران کسی امیدوار کو ذاتی سکیورٹی اور اسلحہ رکھنے کی ہرگز اجازت نہ ہوگی ، پنجاب اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق امن و امان کے حصول کیلئے سیف سٹی اتھارٹی تمام کیمروں کی بروقت مرمت کو یقینی بنائے،انہوں نے چونیاں واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کہا۔اجلاس میں کمیٹی ممبرز وزیر قانون ملک احمد خان اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،چیف سیکرٹری ،آئی جی پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹری لاء ،سیکرٹری فنانس اور سی ای او سیف سٹی اتھارٹی بھی موجود تھے،صوبائی وزیر داخلہ عطاء تارڑ نے اجلاس میں جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ، جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر قابو پانے کی حکمت عملی بھی زیر غور آئی، اجلاس میں چونیاں میں جنسی زیادتی کے واقعہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں